وزیر اعلی پنجاب کی  سڑکوں پر سونے والے افراد کو چھت فراہم کرنے کیلئے 10 نئی پناہ گاہیں بنانے کی منظوری

101

 

لاہور26اگست(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سڑکوں پر سونے والے افراد کو چھت فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لاہور میں 10 نئی پناہ گاہیں بنانے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں پناہ گاہوں میں ٹھہرنے والے افراد کیلئے سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ نئی پناہ گاہیں کرائے کی عمارتوں میں بنائی جائیں گی۔ انھوں نے نئی پناہ گاہیں بنانے کیلئے مقامات کی جلد نشاندہی کی ہدایت بھی جاری کردی ہے،پناہ گاہوں کے نئے ماڈل کا دائرہ کار مرحلہ وار دیگر بڑے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پناہ گاہوں میں سہولتوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔پنجاب پناہ گاہ اتھارٹی تشکیل دینے کی بھی اصولی منظوری دے دی  گئی ہے۔پناہ گاہوں کی عمارتوں کی دیکھ بھال محکمہ تعمیرات و مواصلات کے ذمے ہو گی۔منشیات کے عادی افراد اور گداگروں کیلئے بحالی مراکز قائم کئے جائیں گے۔پناہ گاہوں کے باہر نادار اور غریب افراد کیلئے لنگرخانے کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لنگر خانوں کے ذریعے غریب افراد کو کھانا کھلایا جائے گا۔پناہ گاہوں میں سہولتوں کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم بنایا جائے گا۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پناہ گاہوں کے موجودہ نظام کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔تمام پناہ گاہوں کی جیو ٹیگنگ ہوگی اور روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔

اجلاس میں لاہور کی اہم سڑکوں پر پناہ گاہوں کی نشاندہی کے حوالے سے سائن بورڈز لگانے کی ہدایت بھی دی گئی ، اس کے علاوہ لاہور کے داخلی راستوں پر بھی پناہ گاہوں کی نشاندہی کیلئے نمایاں طور پر بورڈز لگائے جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ سڑکوں پر سوئے افراد کو پناہ گاہوں میں شفٹ کرنے کیلئے مزید گاڑیاں لی جائیں،پناہ گاہوں کے حوالے سے مخیر حضرات کا بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔نادار، بے آسرا اور غریب لوگوں کا خیال رکھنا بہت بڑی نیکی ہے،اللہ تعالیٰ بھی نیک کام میں برکت ڈالتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت ہی بے آسرا طبقے کا سہارا بنی ہے۔