ملتان، 06 اگست (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان ڈاکٹر ملک عابد محمودنے کہا کہ ادارے نے جشن آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے،ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کی سربراہی میں بنائی جانے والی کمیٹی نے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے،عوام میں دو ہزار پودے بھی تقسیم کریں گےجبکہ9 اگست کو نورالحسن پارک میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودے لگائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورالحسن پارک،شاہ شمس پارک،نرسری اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کے دورہ کے موقع پر کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے ہیڈ آفس سمیت شہر کے مصروف چوکوں کو سجایا جائے گا۔جشن آزادی پر جھنڈیوں کے ساتھ ساتھ پودوں اور درختوں کی بھرپور شجر کاری پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہر اور ملک کو سر سبز و شاداب بنایا جا سکےجبکہ 9نمبر چوک کی تزئین وآرائش بھی تیزی سے جاری ہے۔پارکوں میں درختوں اور پودوں کی لینڈ سکیپنگ میں بہتری کی گنجائش ہے،منصوبہ بندی اور احسن اقدامات کے ساتھ پارکوں اور گرین بیلٹس کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
اس موقع پرڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس روبینہ کوثر نے کہا کہ ادارہ اس سال جشن آزادی کو جوش و جذبے سے منائے گا،آفس روڈ پر جھنڈے لگائیں گے اور مختلف چوکوں پر عوام میں پودے تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ اُسامہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر سعد قریشی بھی موجود تھے۔
اے پی پی /ملتان /قرۃالعین











