پولیس شہداء کے ورثاء کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے: آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی

135

پشاور، 06 اگست(اے پی پی): آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں کے ورثاءکے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ کیا۔ آئی جی پی نے پولیس شہداءکے ورثاءسے باری باری بات کی اور ان کے مسائل تفصیل کے ساتھ سنے اور یقین دلایا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنے شہداء کے ورثاء کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔اور ان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

آئی جی پی نے مزید کہا کہ پولیس شہداءکے ورثاءکی فلاح و بہبود اور اُن کو درپیش مسائل و مشکلات کو حل کرنا اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پہلے دن سے اس مقصد کے لیے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں۔

اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ قربانیاں دینا ہمارے فرائض میں شامل ہے اور ہمیں فخر ہے کہ دہشت دگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کے غیور اور نڈر جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جان کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا۔

 انہوں نے کہا کہ اب تک 1800 سے زائد پولیس افسروں و جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔ جس میں ایڈیشنل آئی جی سے لیکر کانسٹیبل رینک کے افسرو جوان شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہداءکے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آئی جی پی  نے کہا کہ ہم صرف زبانی نہیں بلکہ عملی طور پر اپنی استطاعت کے مطابق ان کے مسائل حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ انہوں نے تمام آر پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ پولیس شہداءاورزخمی غازیوں کے تمام کیسز جلد از جلد نمٹائیں گے۔

شہداءکے ورثاءنے آئی جی پی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے ساتھ براہ راست بات کی ، ان کے مسائل پوری توجہ اور یکسوئی سے سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ڈی آئی جی آپریشنز، سی سی پی او پشاور، ریجنل پولیس افسران ، ڈی آئی جی فنانس ،  اے آئی جیز آپریشنز و اسٹیبلشمنٹ اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی موجود تھے۔

اے پی پی /صائمہ حیات/نورین