کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق کی زیر صدارت  ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس

159

ملتان ، 08 اگست (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق کی زیر صدارت  سرکٹ ہاؤس میں ڈویژنل امن کمیٹی کا اجلاس  منعقد ہوا، اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

کمشنر ملتان شان الحق نے کہا کہ نواسہ رسولﷺ کا غم اور یاد تمام مسلمان ملکر مناتے ہیں، اس سلسلے میں امن و امان کے لئے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،کسی فرد یا گروہ کو مذہبی اشتعال انگیزی اور کسی کی دل آزاری کی  قطعا اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے  کہا کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا ،امام بارگاہوں کے فرش کی مجالس عزا سے پہلے اور بعد میں کلورین ملے پانی سے دھلائی کی جائےگی  جبکہ نیاز/تبرک کی تقسیم کےلئے ڈسپوزیبل برتنوں کے استعمال اور پارسل تقسیم کو ترجیح دی جائے  گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژنل انتظامیہ امن و امان کے قیام کےلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو  یقینی بنائے گی ، ڈویژن ضلعی اور تحصیل کی سطح پر  انتظامیہ ارکان امن کمیٹی سے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنانے گی۔

اجلاس سے  خطاب   کرتے ہوئے اراکین ڈویژنل  امن کمیٹی نے کہا کہ روایتی جلوسوں کے روٹس پر صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے  جبکہ مذہبی رواداری کے فروغ اور کسی قسم کی کشیدگی کے خاتمے کےلئے امن کمیٹی کے ارکان اور علماء نے ڈویژنل انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی  ۔

اجلاس میں سی پی او ملتان حسن رضا خان ، خانیوال لودھراں اور وہاڑی کے ڈی پی اوز سمیت  ملتان لودھراں اورخانیوال  کے ڈپٹی کمشنرز  عامر خٹک ،عمران قریشی، ظہیر عباس شیرازی ، چاروں اضلاع سے جید  علمائے کرام  اور امن کمیٹی کے  ارکان شریک ہوئے ۔

اے پی پی /ملتان /قرۃالعین