گھوٹکی :  محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ

127

گھوٹکی ، 17 اگست  ( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم کی زیر صدارت ان کے دفتر میں محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہباز رینجرز 63 ونگ سردار گڑہ کے ونگ کمانڈر کرنل جمیل، شہباز رینجرز میرپور ماتھیلو کے ایکٹنگ ونگ کمانڈر علام سرور خان، اے ایس پی ایاز حسین بلوچ سمیت اسسٹنٹ کمشنرز، تحیصلداروں، ڈی ایچ او، ڈی ایس پیز، محکمہ میونسیپل، سیپکو اور متعلقہ افسران سمیت مختلف مکتبہ فکر کے علماء نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گھوٹکی میں مذہبی ہم آہنگی ہے اس کے باوجود محرم الحرام کے دوران ملک دشمن عناصر فساد پھیلانے کی کوشش کر سکتے ہیں اس لیے ہمیں متحد ہوکر ملک و قوم کے مشترکہ دشمن کو شکست دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوان امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظام کیے جائیں گے اس سلسلے میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا  کہ اجلاس منقعد کرنے کا بنیادی مقصد مختلف مکتبہ فکر کے علماء کے مسائل معلوم کرکے حل کرنا ہے تا کہ عاشوروں کے دوران ضلع میں کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے کیو‍ کہ دینِ اسلام محبت، امن، صبر و رواداری کا درس دیتا ہے اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے اپنے اپنے دائرے میں رہ کر ذمہ داریاں ادا کریں تا کہ کسی کی بھی دل آزاری نہ ہو اور ایام عاشورہ خوش اصلوبی سے گذر جائیں. انہوں نے کہا کہ عاشوروں کے دوران ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لاؤڈ اسپیکر استعمال نہیں کیا جاسکتا جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اس لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے تاکہ امن و امان قائم رہے۔ انہوں نے تمام مکتبہ فکر کے علماء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محرم کے دوران افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقع یا شکایت کی اطلاع فوری طور پرڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں قائم کنٹرول روم کے نمبر 0723661765 پر دی جائے تا کہ شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جاسکے جبکہ تمام مجالس و جلوس مقررہ وقت اور حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس کے پیش نظر جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق منعد کئے جائیں. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ڈی۔ایچ۔او کو ہدایت کی کے عاشوروں کے دوران ضلع بھر کی اسپتالوں میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت ایمبولینسز موجود ہونی چاہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے پی ٹی سی ایل اور سیپکو کے عملداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی لوز تاروں کی مرمت کروائیں خاص طور پر جلوسوں والے روٹس پر توجہ دی جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ سے گریز کیا جائے. انہوں نے تمام ٹی ایم اوز کو بھی ہدایت کی کہ وہ عاشوروں کے دوران اسٹریٹ لائیٹ، واٹر سپلائی، ڈرینیج اور صفائی کا خاص خیال رکھیں اور مین ہولوں کو فوری طور پر بند کریں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اس موقع پر شہباز رینجرز میرپور ماتھیلو کے ایکٹنگ  ونگ کمانڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال بہتر رہی ہے علماء کرام کو چاہیے کہ وہ اسی طرح باہمی تعاون سے روایات کو برقرار رکھیں تا کہ ملک دشمن قوتوں کو فساد پھیلانے کا موقع نہ مل سکے. انہوں نے مزید بتایا کہ شہباز رینجرز و پولیس ایک پیج پر ہے عاشروں کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے.  اس موقع پر اے ایس پی نے کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع کی نسبت ضلع گھوٹکی کی تاریخ رہی ہے کہ یہاں پر کبھی بھی فرقیوارانہ تصادم نہیں ہوا، اس لئے تمام علماء کرام کو چاہیے کہ وہ ان مولویوں کو ضلع میں دعوت نہ دیں جن پر حکومت نے پابندی عائد کی ہوئی ہے اور ضابطہ اخلاق پر مکمل کریں. انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 596 مجالس برپا ہوں گی جن میں سے 11 حساس ہیں جبکہ 81  جلوس برآمد ہوں گے اس سلسلے میں 2866 پولیس اہلکار حفاظتی انتظام سنبھالیں گے. اس موقع پر تمام مکتبہ فکر کے علماء نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ بعد ازیں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا بھی مانگی گئی۔

 وی این ایس، گھوٹکی