اسلام آباد ، 14 اگست(اے پی پی ): یوم آزادی کی مناسبت سے ٹول پلازہ اسلام آباد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی موٹر وے زون شفیق احمد تھے ، اس کے علاوہ موٹروے پولیس افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قر آن پاک سے ہوا اور پرچم کشائی کی گئی۔ جشن آزادی کے خصوصی دن کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی موٹروے زون کا کہنا تھا کہ آج کے خصوصی دن کے موقع پر ہم یہ اعادہ کرتے ہیں کہ موٹروے پولیس ملکی سالمیت اور وقار کی خاطر شب و روز محنت و لگن سے اپنے فرئض منصبی سر انجام دے گی اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جشن آزادی کے موقع پر موٹروے کے تمام ٹول پلازہ، سروس ایریا میں بھی جشن آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی موٹروے (زون) نے موٹروے پر سفر کرنے والوں میں تحائف بھی تقسیم کیے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کی بھی تلقین کی ۔
واضح رہے کہ یوم آزادی کی مناسبت سے پشاور تا اسلام آباد کے تمام ٹول پلازہ ایم ون،اپم ٹو پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔











