لاہور،30اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے جدید کیمروں سے مرکزی جلوس کے روٹ کا بھی جائزہ لیا اور ڈیجیٹل وال پر کیمروں کے ذریعے لاہور کے دیگر علاقوں کے جلوسوں کا بھی مشاہدہ کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو جلوسوں اورمجالس کی مانیٹرنگ کے نظام کے بارے میں بریفنگ د ی گئی جبکہ سکیورٹی انتظامات کےحوالے سے بھی کیے گئے اقدامات سے آگا ہ کیاگیا۔انہوں نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جلوسوں اورمجالس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جلوسوں اورمجالس کی سکیورٹی کیلئے موثر اقدامات کیے ہیں،جدید ٹیکنالوجی سے سرویلنس نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسر اور اہلکار بہترین کوآرڈینیشن کے ذریعے فرائض سرانجام دے رہے ہیں،پولیس اور انتظامیہ کو وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
انھوں نے ہدایت دی کہ آخری جلوس کے شرکاء کے پر امن طور پر منتشر ہونے تک اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں۔











