پنجاب حکومت نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرانے کی منظوری دے دی

122

لاہور،01 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اعلی سطح اجلاس میں پنجاب حکومت نے عوام کو ان کی دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنے کیلئے گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک نظام متعارف کرانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اب ٹرانسفر آرڈرفارم کی بجائے بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن ہوسکے گی، پنجاب موٹر وہیکلز رولز1969 میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔

 وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ شہریوں کو محکمہ ایکسائز وٹیکسیشن کے دفاترکے چکر لگانے سے نجات ملے گی، گاڑیوں کی رجسٹریشن کے پرانے نظام کو تبدیل کر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ شہری نادرا اورایکسائز کے دفاتر میں بائیو میٹرک تصدیق کراکر گاڑیوں کی رجسٹریشن کراسکیں گے، گاڑیوں کے بااختیار ڈیلرز کے شوروم پر بھی بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ شہریوں کو رجسٹریشن کرانے میں مزید آسانیاں دینے کیلئے گھر میں موبائل فون کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق کرانے کے  عمل کا  بھی جائزہ لیا جائے، اس ضمن میں جامع پلان تیار کر کے جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت دی کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجراء کے عمل کو مزید تیز کیا جائے،نمبر پلیٹس نہ ملنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے،یہ مسئلہ جلد حل کرنا چاہتا ہوں۔