آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی زیرصدارت سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پولیس پالیسی بورڈ کے 56 ویں اجلاس کا انعقاد 

172

پشاور،22 ستمبر(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کی صدارت میں آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں پولیس پالیسی بورڈ کا 56 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس فورس میں جاری منصوبوں پر کام کی پیش رفت، پولیس تفتیش کے موجودہ معیار کو بہتر بنانے، پولیس فورس کو جدید سیکیورٹی آلات سے لیس کرنے اور پولیس پٹرولنگ کو بہتر بنانے کے لیے گاڑیوں کی فراہمی سے متعلق اُمورپر متعلقہ افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔

  اے آئی جی ٹیلی کمیو نیکشن نے صوبہ بھر میں محکمہ پولیس میں جاری پراجیکٹس پر اب تک ہونے والے کام ، پولیس فورس کے لیے جدید مواصلاتی نظام ،سیکیورٹی آلات اور گاڑیوں کی فراہمی جبکہ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن نے مقدمات پراُٹھنے والے اخراجات، گرفتار ملزمان کو مروجہ قانون کے مطابق طے شدہ سہولیات کی فراہمی اور تفتیش کے معیا ر کو بہتر بنانے سے متعلق بریفنگ دی۔ تفصیلی بریفنگ کی روشنی میں پولیس پالیسی بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیئے گئے۔

 آئی جی پی ڈاکٹر ثنا ءاللہ عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کے حالات کار اور اوقات کار بہتر بنانے اور پولیس فورس کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے جاری منصوبوں کے بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے،  تاکہ پولیس فورس کو فرائض کی ادائیگی کے دوران درپیش چیلنجوں سے بطر یق احسن نمٹنے میں ممدو مدد گار ثابت ہوں۔آئی جی پی نے کہا کہ پولیسنگ میں تفتیش کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اور بورڈکے شرکاءکو ہدایت کی کہ وہ تفتیش کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے اور تفتیش کے معیار کو مزیدبہتر بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ آئی جی پی نے بم ڈسپوزل یونٹ ،سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے تیکنیکی عملے کو ضروری تربیت فراہم کرنے کے بارے میں بھی احکامات جاری کئے ۔

 اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر اشتیاق مروت، ایڈیشنل آئی جی پی انوسٹی گیشن فیروز شاہ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اختر حیات خان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سلمان چودھری، کمانڈنٹ ایلیٹ فورس سعید وزیر، ، ڈی آئی جی آپریشنز کاشف عالم خان، ڈی آئی جی ٹریننگ محمد امتیاز شاہ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی طاہر ایوب خان، ڈی آئی جی ٹریفک کریم خان ،ڈی آئی جی انوسٹی گیشن منصور الحق رانا، کمانڈنٹ ایف آر پی ساجد علی خان، ڈی آئی جی فنانس اینڈ پروکیورمنٹ محمد سلیم مروت، اے آئی جی ٹیلی وقار احمد ، اے آئی جی آپریشنز آصف اقبال مہمند، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ کاشف ذوالفقار، ڈائریکٹر ایف ایس ایل عباس مجید مروت اور اے آئی جی لیگل جاوید احمد چغتائی نے بھی شرکت کی۔