احمدپورشرقیہ،03ستمبر(اے پی پی): وزیراعلی پنجاب ای روزگار سکیم کے تحت ٹیوٹا پنجاب اور عالمی سطح کی مشہور آن لائن ویب سائیٹ ایمازون کے مابین ہونے والے ایم آئی یو کے تحت آن لائن فری کورسز کی پنجاب بھر کے ٹیوٹا کالجز میں آگاہی مہم شروع کردی گئی ۔
بہاول پور میں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین کی جانب سے بھی شہر کے مختلف سماجی حلقوں میں آن لائن فری کورسز کی آگاہی مہم جاری ہے ۔ کالج انتظامیہ نے وکلاء اور کاروباری حلقوں سمیت عام شہریوں اور طالبات کو آن لائن فری کورسز کی آگاہی بارے پمفلٹ تقسیم کیئے اور آن لائن مختلف فورم کو استعمال میں لاتے ہوئے آگاہی فراہم کی ۔
اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین سمیرا صالحہ نے بتایا کہ چئیرمین ٹیوٹا علی سلمان ، سی ای او ٹیوٹا اختر بھروانہ اور زونل منیجر ٹیوٹا ساوتھ قاضی اسد کی سربراہی میں آن لائن فری کورسز بارے آگاہی فراہم کرنے کی مہم شروع کردی گئی ہے جس کے تحت کم از کم پندرہ سال اور زیادہ سے زیادہ کسی بھی عمر کے مرد و خواتین آل لائن فری کورسز میں داخلہ لے سکتے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ یہ کورسز تین ماہ کے عرصہ کیلئے ہونگے جس میں رجسٹر ہونے والوں کو ایمازون جیسی ملٹی نیشنل کمپنی کے ساتھ رجسٹر ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف اشیاء کی فروخت کے لیئے رسائی فراہم کرنا سیکھایا جائے گا ۔
پرنسپل کا کہناتھا کہ ٹیوٹا پنجاب نے اس مقصد کی تکمیل کیلئے ماہر ٹیکنیکل اسٹاف کو بھی ہائر کیا ہے جو رجسٹر ہونے والوں کو آن لائن کاروبار سے متعلق تمام ٹیکنیکس اور معلومات فراہم کریں گے۔











