وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ملاقات

99

لاہور, 03ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی۔ صوبے کی عمومی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبو ں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پنجاب حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ گورنرچودھری محمد سرور نے وزیر اعلی عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا۔ مالی دشواریوں کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر گورنر چودھری محمد سرور نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کراچی کا دورہ کرکے شہریوں سے اظہار یکجہتی پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرورکی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کراچی کے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے –  عثمان بزدار نے کہا کہ ہم مشکل کی گھڑی میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے ٹھوس اور پائیدار اقدامات کئے ہیں –  عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی دشواریوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیکس ختم کئے یا ان کی شرح کم کی۔ پنجاب میں ترقی کے سفر کو تیز تر کرنے کیلئے لوکل گورنمنٹ فنڈز کو بحال کر دیا ہے- وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہمارا نصب العین مالی امور میں شفافیت اور انتظامی امور میں میرٹ ہے۔ سچائی، شفافیت، دیانت اور میرٹ پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ عوامی خدمت کے ایسے کام کر کے جائیں گے جن کی کوئی مثال نہیں ہو گی- شو بازی کا دور قصہ پارینہ بن چکا، ہم عوامی خدمت کے لئے عملی اقدامات کرتے ہیں –  عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے کورونا کے بعد کراچی ایشو پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوشش کی۔ اپوزیشن جماعتوں کو کراچی جیسے اہم ایشو پر منفی سیاست کرنا زیب نہیں دیتا۔  وزیر اعظم عمران خان کراچی کے مسائل حل کرنے لئے پرعزم ہیں ۔  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں ،اپوزیشن کو منفی سیاست کی بجائے کراچی کے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کیلئے آگے آنا چاہیے تھا-  چودھری محمد سرور نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی یونیورسل کوریج پی ٹی آئی حکومت کا تاریخی فیصلہ ہے –