سکھر،01ستمبر( اے پی پی): شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، افواج پاکستان کے شہیدوں نے اپنا آج قربان کر کے ہمارے کل کو روشن کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے وزیرستان سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید سکھر کے سپاہی محمد سلیم کے گھر نیوپنڈ سکھر پہنچ کر فاتحہ خوانی اور قبرستان میں قبر پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی عبدالستار راجپوت، ظہیر حسین بھٹی، محمد شبیر میمن، ڈاکٹر سعید اعوان، صداقت خان، امداد جھنڈیر، محمد اصغر عباسی، و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے مرحوم کے لواحقین محمد اسلم ، رحمان گل و دیگر سے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا اور قبرستان جاکر پھولوں کی چادر چڑھا کر فاتحہ خوانی کی۔ حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے میں افوج پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے اور ہم افواج پاکستان کے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف افواج پاکستان کے آپریشن مکمل طور پر کامیاب ہے دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے پاکستانی عوام کو اپنی فوج پر ناز ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے انہوں نے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے پاکستان کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔











