ملتان ، 03 ستمبر (اے پی پی ): اسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان نے کہا کہ ملتان کی حدود میں شیر شاہ کے مقام پر2 لاکھ 35 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے،
24 گھنٹے تک ملتان کی حدود میں پانی کا موجودہ بہاو برقرار رہنے کا امکان ہے،ضلع ملتان میں دریائے چناب کے داخلی پوائنٹ گھلواں کے مقام پر پانی کا بہاو35 ہزار کیوسک کم ہوا ہے،سیلاب سے ضلع میں اب تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
محمد طیب خان نے کہا کہ سیلاب سے ابھی تک کسی گھر کو بھی نقصان نہیں پہنچا،دریا کے فلڈ بند کے اندر مختلف مواضعات میں فصلوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، محکمہ کا ریونیو سٹاف روزانہ کی بنیاد پر فصلوں کے نقصانات کی رپورٹ تیار کررہا ہے،نقصانات کی رپورٹ پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو بھیجی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کی طرف سے ریلف کیمپ قائم ہیں،لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے،ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران پوری طرح الرٹ ہیں جبکہ محکمہ انہار کے انجینئرز اور عملہ فلڈ بندوں کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔











