فلڈ فورکاسٹنگ ڈویزن نے گڈو بیراج پر سیلاب کی وارننگ جاری کی ہےاس لئے صورتحال کے مدنظر تمام حفاظتی بندوں کی سخت نگرانی کی جائے : ڈپٹی کمشنر

91

گھوٹکی 08،ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر گھوٹکی لیفٹیننٹ ریٹائرڈ محمد خالد سلیم گھوٹکی پہنچ کر قادرپور شینک بند، قادرپور لوپ بند اور او جی ڈی سی ایل حفاظتی بند کا دورہ کرکے ممکنہ سیلاب کے سلسلے میں کئے گئے انتطامات کا جائزہ لیا.۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویزن نے گڈو بیراج پر سیلاب کی وارننگ جاری کی ہےاس لئے صورتحال کے مدنظر تمام حفاظتی بندوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ احتیاطی طور پر کچے کے سیلاب متاثرین کے لئے نیامن لانڈی، شیردل کچو بنڈی اور محمد علی لکن میں 3 ٹینٹ سٹی قائم کئے گئے ہیں تا کہ ضرورت پڑنے پر متاثرین کو منتقل کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈائریکٹر سیڈا کو ہدایت کی کہ حساس حفاظتی بندوں کے مرمتی کام کے معیار کی خصوصی طور پر نگرانی کی جائے اور محکمہ آبپاشی کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرکے بندوں پر امور کیا جائے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کریں گے۔ قبل ازیں محکمہ آبپاشی کے انجنیئر نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت گڈو بیراج سے 5 لاکھ 55 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گذر رہا ہے. دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او اور ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی سمیت ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کو حفاظتی بندوں پر میڈیکل و وٹنری کیمپ قائم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔