محکمہ انفارمیشن کی بہتر کارکردگی اور ساکھ کو بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں؛ سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی

138

 لاہور،05 ستمبر (اے پی پی): سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ محکمہ انفارمیشن کی بہتر کارکردگی اور مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے ٹیم ورک لازمی ہے، محکمہ  کی ساکھ کو بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جن  کی  بدولت محکمہ میں کام کرنے والے لوگوں میں شعور پیدا کرنے میں مدد ملی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ریڈیو پاکستان ، لاہور کے دورے کے موقع پر کیا۔سکریٹری نے کہا کہ محکمہ انفارمیشن میں مزید بہتری لانے کے لئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا جیسے فیس بک ، انسٹاگرام ، یوٹیوب وغیرہ کو موثر انداز میں استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ریڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کو اپ گریڈ کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، اس کی ساکھ کو بحال کرنے کی تمام کوششیں کی جائیں گی جیسا کہ 60 اور 70 کی دہائی میں تھی۔سکریٹری نے کہا کہ فیفتھ جنریشن وار کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ریڈیو پروگراموں کے زریعے ایک گھنٹہ دیا جانا چاہئے جو کہ انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی بہتری کے لئے مختلف ریڈیو پروگراموں کے ذریعے لوگوں میں مثبت نقطہ نظر کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ یہ تمام محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مختلف شعبوں میں کام کرنے کے لئے بہترین انسانی وسائل تیار کریں۔

بعد ازاں سیکٹری انفارمیشن نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن منسٹری آف انفارمیشن  براڈکاسٹنگ  میں ادیبوں ،شاعروں،کالم نگاروں سے ملاقات کی اور اردو ادب کے فروغ میں سوشل  میڈیا  کے کردار  پر تجاویز بھی مانگیں۔اس ملاقات میں نامور لکھاریوں نذیرقیصر،کرامت بخاري،امجد طفیل سمیت دیگر  شعراء  نے سیکرٹری کو اس حوالے سے تجاویز  دیں اور اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔