محکمہ بلدیات صوبے میں ریڑھ کی ہڈی جتنی اہمیت رکھتا ہے اس کو درست سمت میں لانا ہماری ذمہ داری ہے۔  صوبائی وزیر بلدیات، اکبر ایوب خان

143

پشاور، 22 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کی صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے گا اور جو ریفارمز پشاور اور صوبے کے دوسرے بڑے شہروں میں لائیں گے وہی صوبے کے دیگر اضلاع کے شہروں میں بھی کیے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بلدیات کا چارج لینے کے بعد پہلے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں محکمہ بلدیات کے تمام اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسپیشل سیکرٹری محکمہ بلدیات معتصم باللہ شاہ نے صوبائی وزیر کو محکمہ بلدیات کا چارج لینے پر پورے محکمے کی طرف سے مبارکباد دی۔ اسپیشل سیکرٹری نے محکمہ بلدیات میں جاری کاموں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں صوبائی وزیرکو مکمل بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ہم نے محکمہ کے تمام ملازمین اور کاموں پر چیک اپ رکھنے کے لیے مانیٹرنگ یونٹ کا قیام عمل میں لانا ہوگا تاکہ ہمیں اپنے ملازمین کی کارکردگی کا وقتاً فوقتاً معلومات حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے محکمہ بلدیات کے فنڈز استعمال کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانا ہوگا تاکہ تمام ترقیاتی کام اپنے ٹائم فریم میں مکمل ہو سکے۔

اکبر ایوب خان نے ہدایت جاری کی کہ جتنے بھی ٹی ایم اے کے ملازمین دوسرے جگہوں پر کام کر رہے ہیں ان کو فوراً اپنے دفاتر میں واپس بلایا جائے اور دوسرے محکموں سے ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے ملازمین کو واپس اپنے اپنے محکموں میں بھیج دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹی ایم اے دفاتر کی ڈیجیٹل ڈائری بنائی جائے تاکہ ہمیں معلوم ہو سکے کہ ہماری کتنی زمین کہاں پر ہے اور وہ کس مقصد کے لئے استعمال ہو رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے محکمے کے کرنٹ اور ڈیویلپمنٹ دونوں حصوں پر کام کرنا ہے اور محکمے کو لوگوں کے لئے آسان بنانا ہے تاکہ عام عوام کو اس کے فوائد براہراست مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ فنڈز کو مشینری خریدنے کے لئے استعمال کیا جائے تاکہ ہر ضلع میں صفائی کے لیے بہترین انتظامات کیے جا سکے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہر دس دن بعد مجھے بریفنگ دی جائے گی تاکہ ہم صوبے کے تمام اضلاع کو برابر لے کر چل سکے اور خاص کر قبائلی اضلاع کے ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کروایا جائے تاکہ وہاں کے عوام کو انضمام کے بہتر فوائد مل سکے۔

صائمہ حیات/فاروق