ملتان؛ ترجمان حکومت پنجاب محمد ندیم قریشی کی  زیادتی سے انکار پر فائرنگ کا نشانہ بننے والے زخمی بچے کے  گھر  آمد، مکمل تعاون کا یقین دلایا

110

ملتان، یکم  ستمبر(اے پی پی ):صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب محمد ندیم قریشی نے مظفرگڑھ کے علاقے جتوئی میں زیادتی سے انکار پر فائرنگ کا نشانہ بننے والے زخمی بچے اور اسکے والد سے ملاقات کی اور اس المناک واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اور حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس موقع پر زخمی بچے کی علاج معالجے کےلئے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان کیا۔

رکن صوبائی اسمبلی نے ظلم کا نشانہ بننے والے بچے اور اس کے لواحقین کو ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کیساتھ  اپنی جیب سے مالی معاونت بھی کی۔  ترجمان حکومت پنجاب ندیم قریشی نے اس موقع پر  اپنے خرچے پر دو وکلاء کی خدمات متاثرہ بچے کو فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل جتوئی کے نواحی علاقہ بیٹ میر ہزار خان میں  جن سفاک  اور بااثر ملزموں نے زیادتی سے انکار پر بچے کی حساس جگہ پر فائر کر زخمی کیا تھا ان ظالموں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انہیں ہر صورت  نشان عبرت بنائیں گے۔

 صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ وہ اس کیس کی پیروی  خود کر رہے ہیں اور ملزمان کی سزاتک کرتے رہیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔