وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور  میں  گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر کے قیام کی منظوری دیدی

87

پشاور،14 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کے ایماء اور درخواست پر ارمڑ (حلقہ پی کے 70) میں گورنمنٹ پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ اور ادیزئی (حلقہ پی کے 71) میں گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر کے قیام کی منظوری دیدی، جن کا مجموعی تخمینہ تقریباً ایک ہزار ملین روپے ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے زیر صدارت آج وزیراعلی ہاؤس پشاور میں ٹیوٹا کی سکیموں کے حوالے سے اجلاس ہوا جن میں مذکورہ منصوبوں کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کے لئے بطور نان اے ڈی پی سکیمز باضابطہ پروپوزل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں پیشہ ورانہ اور ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ اس مقصد کیلئے ٹیوٹا کے تحت متعدد پیشہ ورانہ کالجز اور انسٹیٹیوٹس کام کر رہے ہیں اور ضرورت کے تحت نئے اداروں کے قیام پر بھی کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پیشہ ورانہ تعلیم کے ذریعے روزگار کا فروغ حتمی مقصد ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی صنعتی ترقی کے تناظر میں ٹیکنیکل اور پیشہ ورانہ تعلیم کے اداروں کا قیام نا گزیر ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے میں صنعتوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کی جارہی ہے۔