وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی  کی  ملاقات

85

 

 لاہور،30ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات میں  منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیاجبکہ  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں، منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، عوامی نمائندوں کے جائز کاموں میں کسی کورکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا، عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔

 ملاقات میں گفتگو کے دوران عثمان بزدار نے کہا کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے، نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا،اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں۔ اپوزیشن کے پاس نہ کوئی ایجنڈا ہے نہ کوئی پروگرام جبکہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ بن چکا ہے۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔ اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے، حکومت مدت پوری کرے گی۔