وزیراعلیٰ پنجاب سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات

90

لاہور ،24 ستمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے  جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے،ملاقات  میں  پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی گفتگو  ، پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس پر کام کی رفتارتیز کرنے پر اتفاق سمیت شعبہ زراعت کی پائیدار ترقی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں  زرعی شعبے کے فروغ کے لئے ریسرچ  پر مزید فوکس کرنے  اور  فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے نئے بیج متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں  وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سی پیک منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس کو شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے – انہوں نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل سے معیشت بہترہو گی ۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ  لاہور میں اورنج لائن میٹروٹرین کا ٹیسٹ رن مکمل ہو چکا ہے ،اورنج لائن میٹرو ٹرین اگلے ماہ کے آخر تک چلا نے کا ارادہ ہے-  اس ضمن میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں –  اورنج لائن میٹرو ٹرین کے روٹ پر شجر کاری اور بیوٹی فکیشن کی جارہی ہے-

   عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے لئے ناگزیر اہمیت کا حامل ہے،  سی پیک پراجیکٹس تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔  انہوں نے کہا  پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس کی صورتحال پر پیشرفت اطمینان بخش ہے ۔انھوں نے کہا کہ پنجاب میں زرعی شعبے میں بے پناہ پوٹنشل موجود ہے۔