پشاور، 24ستمبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پختونخوا محمود خان سے برٹش ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر کی زیر قیادت وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ۔وفد سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ پختونخوا نے کہا کہ ہم ضم اضلاع میں تعلیم، صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں برطانوی حکومت کی شراکت داری کے خواہاں ہیں اور قبائلی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وفد کو بتایا کہ برطانوی حکومت کی جانب سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے بھی وزیراعلی خیبر پختونخوا کو صوبے میں گرلز ایجوکیشن اور صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرنیکی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے برطانوی ہائی کمشنر کو سوینئر اور روایتی قالین بھی پیش کیا۔
ملاقات میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران بنگش اور وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا بھی موجود تھے۔











