پشاور، 24ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر تیمور جھگڑا سے برٹش ہائی کمشنر برائے پاکستان کرسچین ٹرنر نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ، جس دوران دوطرفہ باہمی امور اور تعاون پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں وزیر صحت و خزانہ نے برٹش ہائی کمشنر کو صوبے میں باہمی تعاون سےجاری منصوبوں اور اصلاحات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
تیمور جھگڑا نے ملاقات کے دوران برٹش ہائی کمشنر کو برطانوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے رضامندی کا اظہار بھی کیا۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ طورخم بارڈر چوبیس گھنٹے کھولنے سے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوا، خیبرپختونخوا کے افغانستان کے ساتھ دیگر بارڈرز کو بھی تجارتی مقاصد کے لیے ریگولیٹ کریں گے جبکہ رشکئی اکانومک زون اور پشاور طورخم موٹر وے بننے سے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارت بڑھے گی۔
برٹش ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے خیبرپختونخوا حکومت کیساتھ صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نجی شعبہ کے تعاون سے ضم اضلاع میں کئی ہسپتال پی پی پی ماڈل کے تحت بہترین کام کر رہے ہیں، جنھوں نے خیبرپختونخوا حکومت کیساتھ ملکر کورونا وباء کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری شکیل قادر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے پی ایس او شہاب علی شاہ بھی موجود تھے۔