کراچی ، 5 ستمبر (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں کاروباری طبقہ کا کردارکلیدی نوعیت کا حامل ہے اور ان کوتمام سہولیات کی فراہمی حکومت کا فرض ہے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات ہفتہ کوکراچی میں تاجر اورکاروباری طبقے کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفود نے وزیر اعظم کو کوویڈ 19 کی وبا کے حوالے سے کامیاب حکمت عملی پر مبارکباد دی اور کاروباری طبقے کو مراعات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کاروباری طبقہ ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ ان کو تمام سہولیات فراہم کرے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کے کوویڈ وبا سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسی اختیار کی گئی جس میں بیماری سے عوام کا تحفظ اور ساتھ ساتھ معیشت کے پہیے کی روانی کو یقینی بنانا ضروری تھا۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیرات اور اس سے منسلک شعبوں کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت کا مقصد کاروبار اورسرمایہ کاری کے نظام میں آٹومیشن لانا ہے جس کی بدولت کاروباری حضرات کیلئے کم سے کم وقت میں اور شفاف طریقے سے کاروبار کرنا ممکن ہو سکے گا۔ وفود نے وزیر اعظم کو برآمدات کے فروغ اور ٹیکس اصلاحات کے ضمن میں اہم تجاویز پیش کیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر، وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیرمیری ٹائم افئیرز علی زیدی، وفاقی وزیر فیصل واوڈا، گورنر سندھ عمران اسماعیل، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر بھی موجود تھے۔ وفد میں آصف اکرام، نجیب بلگموالا، اعظم فاروق، بشیر علی محمد، فیصل مقبول شیخ، طارق شفیع اور محمد علی تابا شامل تھے۔ میاں انجم نثار، آغا شہاب احمد، نسیم اختر، عبدالعابد، سلمان چاﺅلہ، نوید شکور، نعمان یعقوب اور شاہین الیاس سروانہ پر مشتمل وفد نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔











