پشاور، یکم ستمبر (اے پی پی): الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا نے عالمی وباء کرونا کی تشخیص کے لئے پشاور شہر کے وسط میں واقع الخدمت ہسپتال نشتر آباد میں جدید پی سی آر لیب کا باقاعدہ آغاز کر دیا جس سے اہلیان پشاور کو اب دنوں کے بجائے چند گھنٹوں میں گھر کی دہلیز پر کورونا ٹسٹ کا رزلٹ میسر ہوگا۔
اس سلسلے میں الخدمت ہسپتال نشتر آباد پشاور میں کرونا پی سی آر لیب کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پاکستان کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کی جبکہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سینٹر مشتاق احمد خان تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی پہلے ہی دن سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھی ہیں جو تاحال بغیر کسی وقفے کے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ٹسٹ کے حوالے سے اب تک ہم پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں واقع الخدمت ہسپتالوں میں مریضوں سے سامپل لیکر انہیں لاہور بھیجتے تھے جس کا ریزلٹ 48گھنٹے کے دوران مریض کو فراہم کیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ اب عالمی وباء کورونا کے ساتھ ہی دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی معمولات زندگی جاری رکھنے ہوں گے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں ہمیں کورونا ٹسٹ کی ضرورت پڑے گی اس لئے الخدمت فاؤنڈیشن نے صوبائی ہیڈکوارٹر پشاور میں واقع الخدمت ہسپتال نشترآباد میں جدید سہولیات سے آراستہ کرونا پی سی آر لیب کا آغاز کر دیا ہے جس سے اب اہلیان پشاور کو دنوں کے بجائے چند گھنٹوں میں گھر کی دہلیز پر کورونا ٹسٹ کا رزلٹ فراہم کرنا ممکن ہوسکےگا۔
تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور سینٹر مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن وطن عزیز پاکستان میں دکھی انسانیت کی بلاتفریق خدمت کا ایسا بااعتماد ادارہ بن چکا ہے جس پر معاشرے کا ہرفرد بھرپور اعتماد کرتاہے الخدمت نے ہر مشکل گھڑی میں خدمت انسانیت کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔











