لاہور ،16 اکتوبر(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں کابینہ اجلاس برائے انسداد ڈینگی مہم کی صدارت کی۔ صوبائی وزیر صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام محکمہ جات کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔مختلف محکمہ جات نے صوبائی وزیر صحت کو انسداد ڈینگی مہم کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا پنجاب میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ تشویش ناک ہے، مشتبہ مریضوں کے سرویلنس میں ٹیسٹ کئے جارہے ہیں، صوبہ بھر میں گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران تقریباً 9 ہزار ڈینگی لارواء برآمد کئے گئے، عوام ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر ہیلپ لائن 1033پر رابطہ کرسکتے ہیں-کمشنرزاور ڈی سی حضرات انسداد ڈینگی مہم کے اعدادوشمار کے حوالہ سے ڈیش بورڈ کو خود مانیٹر کریں، پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ہسپتالوں میں انتظامات کے حوالہ سے انسپیکشن تیز کردے،تمام ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج کیلئے ادویات میں کمی نہیں ہونی چاہئے،ہاٹ سپاٹس کی زیادہ سے زیادہ نشاندہی کرکے ڈینگی لارواء کی تلفی کویقینی بنایاجائے،ڈی ایگ کی سفارشات کے مطابق ایس اوپیز پرعملدرآمدکویقینی بنایاجائے،عوام سے اپنے گھروں،دوکانوں اور دفاترکوصاف ستھرارکھنے کی اپیل کرتے ہیں، ڈینگی سے بچاؤ کیلئے عوام کیلئے موئثرآگاہی مہم جاری ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا حکومت پنجاب ڈینگی وباء پر مکمل قابوپانے کی کوشش کررہی ہے،انسدادڈینگی مہم میں کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں،متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزخود تمام سرگرمیوں کی نگرانی کریں،ڈرگ کے اجلاس باقاعدگی سے طلب کر کے انسدادڈینگی مہم کا جائزہ لیاجائے، محکمہ صحت پنجاب کی ہیلپ لائن کے ذریعے لوگوں کو ڈینگی بخار سے متعلق آگاہی مسلسل دی جارہی ہے۔











