اوکاڑہ ،16اکتوبر(اے پی پی ): ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی اور پوٹیٹو گرورز کوآپریٹو سوسائٹی اوکاڑہ کے اشتراک سے آلو کی کاشت سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار میں کاشتکاروں سیڈ امپورٹرزایکسپورٹرز فریڈرک پلانٹس اونرز آلو کے سائنسدانوں بیوروکریٹس اور ہارٹی کلچر افسران نے شرکت کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ بورڈ،جوائنٹ سیکریٹری امپورٹ ایکسپورٹس عثمان قریشی نے بتایا کہ بیرونی ممالک میں ہمارے ملک کی معیاری زرعی اشیاء کی مانگ بہت زیادہ ہے ہمارا بورڈ آلو، پیاز، آم، کنوں اور سبزیات کو برآمد کروانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ہم نئی مارکیٹ کی تلاش میں رہتے ہیں اسلئے کاشکاروں کو چاہیئے کہ بین الاقوامی معیار کے آلو پیدا کریں ۔
جنرل مینجرسرفراز اقبال نے کہا کہ ہمارا محکمہ کئی سال سے کاشت کی ہارٹی اجناس برآمد کروا رہا ہے آج کا سیمینار اسی سلسلہ کی کڑی ہے،سید افتخار نے شرکاء کو زور دیا ویلیو ایڈیشن کریں اور غیر روائتی فصلات کاشت کریں۔
ڈاکٹر اختر نواز ہزارہ ریسرچ سٹیشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے نے آلو کی نئی اقسام تیار کی ہیں آلو کے ساتھ مٹر کاشت کرتے ہیں جس سے کاشت کاروں کو موسم کے مطابق بہتر ریٹ مل جاتے ہیں۔
ڈاکٹر خالد ظفر پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ آلو کی برآمد بڑھ رہی ہے ہم پوٹیٹو سوسائٹی کے مطالبہ پر سیزن میں کیمپ آفس اوکاڑا بناتے ہیں تا کہ ایکسپورٹرز کو سہولیات میسر ہوں۔
ڈاکٹر اعجاز الحسن نے بتایا کہ چئیرمین بورڈ چودھری مقصود احمد جٹ کی سربراہی میں ادارہ نے آلو کی سات نئی ورائٹی تیار کی ہیں جو جلد کاشت کاروں کو مل جائیں گی۔
چودھری مقصود احمد جٹ چئیرمین پوٹیٹو ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب،نائب صدر پوٹیٹو گرورز سوسائٹی نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے پاکستان ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ بورڈ کا پہلی مرتبہ آلو سیمینار منعقد کروانے پرشکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہا زرعی مداخل کاشت کاروں کے بنیادی مسائل ہیں جن میں مہنگی کھادیں، بیج ،سپرے، مشینری، ڈیزل، بجلی وغیرہ شامل ہیں جبکہ آلو کے بیج بھی مہنگے ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز اور مطالبہ کیا کہ آلو کے تمام مسائل وفاق کے متعلقہ ہیں اس کے حل کے لئے تمباکو بورڈ کی طرز پر پاکستان پوٹیٹو ڈویلپمنٹ بورڈ بنایا جائے جس میں تمام متعلقہ وفاقی محکموں کے چاروں صوبوں کے زراعت کے نمائندے، امپورٹرز ،ایکسپورٹرز اور پوٹیٹو سوسائٹی شامل ہوں تاکہ تمام مسائل بورڈ خود حل کرے ۔
سیمینار کے آخر میں ہارٹی کلچر بورڈ نے چودھری مقصود میاں محمد صدیق صدر چیمبر آف کامرس ساہیوال کو ان کی مثالی کاکردگی پر ایوارڈ دیا اور شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔











