اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):موٹر وے ایم ون پر ڈیزل سےبھرا آئل ٹینکرالٹ گیا، موٹروے پولیس نے صوابی تا رشکئی موٹر وے کو بند کر کے تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایک آئل ٹینکر JQ4855 جس میں 44 ہزار لیٹر ڈیزل موجود تھا راولپنڈی سے پشاور کی جانب جارہا تھا کہ ڈرائیور کو نیند آ جانے کی وجہ سے بے قابو ہو کر کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب الٹ گیا۔واقعہ کی اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس فائر ٹینڈر ،ایمبولینس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور صورت حال پر قابو پا لیا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ آئل ٹینکر الٹنے کی وجہ سے ڈیزل کے اخراج کی وجہ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی حفاظت کے پیش نظر نیشنل ہائی وے پولیس نے رشکئی سے صوابی تک موٹر وے کو بند کردکے تمام ٹریفک کو جی ٹی روڈ کی جانب موڑدیا ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام احتیاطی تدابیر اٹھاتے ہوئے آئل ٹینکر ہٹانے اور روڈ کلیئر کرنے کا عمل جاری ہے ۔آپریشن مکمل ہوتے ہی موٹروے کو کھول دیا جائے گا ۔ ترجمان نے بتایا کہ آئل ٹینکر میں دو افراد سوار تھے جو مکمل طور پر محفوظ ہیں ۔











