اوکاڑہ ، 20اکتوبر(اے پی پی ): تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس نے ڈکیتی کی مبینہ نیت سے چھپے ہوئے چار ڈاکوؤں کو اسلحہ سمیت گرفتار جبکہ تھانہ صدر پولیس رینالہ خورد نے ایک منشیات فروش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے بھاری مقدار میں چرس برآمد کر لی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل شہزاد نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے ضلع اوکاڑہ میں مہم کا آغاز کر دیا ہے جسکے نتیجے میں تھانہ حجرہ شاہ مقیم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی نیت سے چھپے ہوئے 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ملزمان کی پہچان عاشق،مقصود، ارشد ،ناصر کے نام سے ہوئی۔ملزمان کے قبضہ سے ایک کلاشن کوف دو پمپ ایکشن اور ایک پسٹل 30 بور برآمد ہوا۔ دوران تفتیش ملزمان نے ضلع بھر میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔
اسی طرح تھانہ صدر رینالہ پولیس کی کارروائی سے ایک منشیات فروش رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، پولیس نے گرفتار ملزم منور علی سے 1106 گرام چرس برآمد کر لی اور مقدمات علیحدہ علیحدہ تھانوں میں درج کئے گئے۔











