پشاور،20 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی کابینہ نے اشیائے خوردنوش کی عوام کو سستے داموں فراہمی یقینی بنانے کے لئے پہلے مرحلے میں صوبے بھر میں 16 سستے انصاف بازار کے قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ ابتدائی طور پر صوبائی دارلحکومت میں 4 اورباقی ہر ڈویژن کی سطح پر 2،2 انصاف بازار کے قائم کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ اگلے مرحلے میں ان بازاروں کا دائرہ کار اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس منگل کو یہاں وزیر اعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت ہو ا۔ کابینہ کے اراکین، مشیروں معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکریٹریز نے شرکت کی ۔
سستے انصاف بازار ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے، جن میں روزمرہ اشیایے ضروریہ بشمول آٹا، چینی ، گھی ، چاول، دالیں ، چکن اور سبزیاں عام مارکیٹ سے سستے نرخوں پر دستیاب ہونگی ۔حکومت مفت شاپس فراہم کرے گی جس پر ابتدائی طور پر تقریباً 100 ملین روپے لاگت کا تخمینہ ہے۔ ان بازاروں میں پانی، واش رومز، سیکورٹی، صفائی وغیرہ کی سہولیات کا مناسب انتظام کیا جائے گا۔ یہ بازار فوری طور پر قائم کئے جارہے ہیں ۔ ان بازاروں کے بہتر انتظام و انصرام اور اشیائے ضروریہ کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے مینجمنٹ کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کابینہ کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ خود بازاروں اور مارکیٹوں کا باقاعدگی سے دورے کریں اور اشیائے خوردنوش کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنائیں ۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ رعایتی نرخوں پر آٹے کی ویلج کونسل کی سطح تک فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عام دوکانداروں کو تنگ نہ کیا جائے اور مختلف محکمے بازاروں کے الگ الگ دورے کرنے کی بجائے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دیں ۔











