اسلام آباد،12اکتوبر (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مجوزہ قانون سازی نے پی ٹی اے سے کہا ہے کہ جن قوانین کے تحت ٹک ٹاک پر پابندی لگائی گئی ان سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے، کمیٹی نے پی ٹی اے کے قواعد و ضوابط کو آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی کا اجلاس پیر کو سینیٹر کہدہ بابر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی نے ٹیلی کام ایکٹ 1996ءکے سیکشن 57 کے تحت مسابقتی قوانین کی صورتحال اور ٹیلی کام پالیسی 2015ءکے مجوزہ قوانین پر غور کیا۔ پیمرا کی جانب سے کمیٹی کو پبلک پروکیورمنٹ رولز 2014ءکے رول 12 میں ترمیم سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ابھی تک پی ٹی اے کے کوئی رولز اینڈ ریگولیشن نہیں ہیں جس پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ رولز کا نیا مسودہ تیار کرکے کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے جبکہ تمام رولز کو آئندہ تین ماہ میں حتمی شکل دی جائے۔
اجلاس میں سینیٹر کلثوم پرویز، سینیٹر روبینہ خالد، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ، سینیٹر میاں محمد یوسف بادینی اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











