حرمت رسول ﷺ ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے: گورنر سندھ عمران اسماعیل

129

کراچی 30 اکتوبر(اے پی پی): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ حرمت رسول ﷺ ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے راستے کو اپنائیں اس طرف زیادہ سے زیادہ چلیں جو راستہ ہمارے پیارے نبی ﷺ نے دکھایا۔ نبی کریم ﷺ کی جانب سے انسانیت کا درس ایک بہت بڑا پیغام تھا ،ضرورت مندوں کا خیال رکھنا اس درس کا بنیادی نکتہ ہے۔

 عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے اپنے  جاری کردہ ویڈیو  پیغام میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ  آج کا دن دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے انتہائی مسرت کا دن ہے ۔عید میلاد النبی ﷺ ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہے، اس دن اللہ تعالی نے ہمارے پیارے نبی ﷺ کو رحمت اللعالمین بنا کر اِس دنیا میں بھیجا۔صحابہ کرام جنہیں حضور ﷺ کی خدمت کا شرف حاصل ہوا انہوں نے سب کچھ پالیا ۔

 گورنر سندھ نے مزید کہا کہ  آج کا دن انتہائی عقیدت و محبت بھرا، دنیا میں محبت بانٹنے کا دن ہے ۔ہمارے پیارے نبی ﷺ نے اپنی پوری زندگی میں محبت بانٹی ،ہمارے آقا ﷺ نے کبھی کسی سے نفرت کا اظہار نہیں کیا ۔آپ ﷺ نے تمام عالم کو انسانیت کا درس دیا، آپ ﷺ کو اللہ تعالی نے محسن انسانیت بنا کر مبعوث کیا۔