ملتان، 29 اکتوبر ( اےپی پی): لائنز کلبز انٹرنیشنل پاکستان کے سربراہ سماجی رہنما محمد افضل سپرا نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ دونوں جہانوں کے لیے باعث رحمت اور وجہ تخلیق کائنات ہیں۔ حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ ﷺ کی سنت کی پیروی ہماری بخشش و نجات کا ذریعہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل اور ویز واش ملتان کے تعاون سے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہفت روزہ تقریبات بعنوان ہفتہِ حرمتِ و تحفظ ناموس رسالت ؐ کے دوسرے روز ای لائبریری ملتان میں منعقدہ جائزہ نعت شریف برائے طباء کی تقریب سے صدارتی خطاب میں کیا۔جس کے مہمانان خصوصی میں ڈائریکٹر نجات سینٹر ملتان ڈاکٹر نثار احمد چوہدری، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم،انچارج ای لائبریری ملتان فاروق لطیف، معروف ماہر۔تعلیم و سماجی رہنما ملک شاہد یوسف،پروفیسر اعظم حسین، مختار سومرو،اظہر محمود شیخ،محمد ارسلان علوی، پروفیسر محمود ڈوگر، محمد علی اور مارکیٹنگ منیجر شمع بناسپتی عمران اعظمی شامل تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان گرامی نے کہا کہ حضور ﷺ سے عشق مسلمان کی معراج اور اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعے ہے نبی کریمؐ ؐ کی اطاعت اللہ کی اطاعت ہے دین سے دوری کی وجہ سے آج پوری امت مسلمہ مشکلات و مصائب کا شکار ہے اور دشمنانِ اسلام اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسلام کے خلاف سازشیں کرنے کے ساتھ ساتھ شان رسالت ماّب میں گستاخی بھی کررہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نبی کریم ؐ کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کے لیے ہمارا ہر مسلمان مرد،عورت اور بچہ بچہ اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہے۔











