خاتون اول ثمینہ علوی نے خصوصی بچوں کے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا

266

لاہور27 اکتوبر:(اے پی پی): خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے منگل کے روز یہاں گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ آف اسپیشل ایجوکیشن کا دورہ کیا اور وہاں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جن میں ماڈل گروپ ، سیکنڈری گروپ ، آسٹسٹک گروپ اور پرنسپل آفس شامل ہیں۔ ثمینہ علوی نے خصوصی بچوں کی ہاتھ سے تیار کردہ دستکاری سے سجائے گئے مختلف اسٹالوں کا بھی دورہ کیا اور ان کے کام کو سراہا۔ انہوں نے بچوں کو سخت محنت کرنے کی ترغیب دی۔ بچوں نے اس موقع پر ہاتھوں میں فٹ بال تھامتے خصوصی رقص پیش کیا جبکہ اسکاؤٹس ٹیم نے خاتون اول کو سلامی پیش کی۔ ثمینہ علوی نے اسکول کے گراؤنڈ میں کھجور کا پودا لگایا اور درختوں کی شجرکاری اور انسٹی ٹیوٹ کی کامیابی کے لئے بھی دعا کی۔ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل خصوصی تعلیم پرویز اقبال بٹ نے خاتون اول کو انسٹی ٹیوٹ کے کام کرنے اور خصوصی بچوں کی تعلیم کے لئے ہونے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورنمنٹ شاداب ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے بچوں نے ان کی آمد پر معزز مہمانوں کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔