خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں جاری قومی مقابلوں میں دوسری بار کامیابی حاصل کر لی

345

پشاور، 11اکتوبر(اے پی پی): خیبر پختونخوا ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں جاری قومی مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

ریسکیو ترجمان بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کہ ڈاکٹر خطیر احمد  نے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اہلکاروں میں توصیفی اسناد تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خیبر پختونخوا ریسکیو 1122نے اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے مسلسل دوسری بار ریسکیو چیلنج جیت لیا۔ ریسکیو چیلنج میں پاکستان بھر سے 15منتخب ٹیموں نے حصہ لیا۔

 ریسکیو چیلنج ایمرجنسی سروسز کا بنیادی مقصد ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی استعداد کارکو بہتر بناناہے جو کہ مقابلے کی فضا میں بروقت فراہم کی جاتی ہیں۔ ریسکیو چیلنج میں دیے گئے مصنوعی ٹاسک حقیقی زندگیاں بچانے میں معاون اور کار آمد ثابت ہوتے ہیں۔

 بلال احمد فیضی نے بتا یا کہ ریسکیو 1122چیلنج کے دوران فائر فٹ ، تیراکی ، ٹراما ، واٹر ریسکیو ، 30فٹ کنوں نما گہرائی سے مریض کو نکالنا اور بلند مقام سے مریض کو بحفا ظت نکالنے کے مقابلے شامل تھے۔ خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 کے پیشہ وارانہ اہلکاروں نے مختلف مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کھلا ڑیوں کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کی۔ خیبر پختونخوا ریسکیو 1122 کے اہلکار نے فائر فٹ چیلنج کو اوسط وقت سے قبل مکمل کر کے نیا ریکارڈ بھی قائم کیا ۔ ریسکیو 1122کے اہلکار پیشہ وارانہ خدمات کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں میں بھی کارنامے سرانجام دے رہے ہیں جو ادارے کی اعلیٰ کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

اے پی پی/صائمہ حیات/علی