میرپورخاص،11اکتوبر( اے پی پی): پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ امدادی سامان لیکر سیلاب متاثر ہ علاقے شادی پلی پہنچے۔ متاثرین میں راشن ٹینٹ مچھر دانیاں تقسیم کی ۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے امداد نہ ملنے سمیت پانی کی نکاسی کی شکایات کیں اور کہا کہ تین ماہ سے علاقے میں پانی کھڑا ہے سندھ حکومت کا کوئی نمائندا نہیں آیا ۔حلیم عادل شیخ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ سے کئی خاندان بارشوں کے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں سندھ حکومت کہیں بھی نظر نہیں آرہی۔
ہم سیلاب متاثرین کی شروع دن سے مدد کر رہے ہیں اور وفاقی حکومت کی جانب سے ٹینٹ، راشن و دیگر سامان تقسیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کو بے یارو مددگار نہیں چھوڑے گی ، متاثرین کی ہر ممکن مدد جاری رہے گی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کورونا میں بھی سندھ کے عوام کو ساٹھ ارب روپے کیش امداد دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ان سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بھی تحریک چلائیں۔تحریک وہ لوگ چلاتے ہیں جن کی ٹانگوں میں جان ہوتی ہے، پی پی اورن لیگ کے لوگوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں تحریک مولانا کو ٹھیکے پر دی جارہی ہے۔ سارے چور کرپٹ جمع ہوگئے ہیں احتساب اب سے کوئی نہیں بچ سکے گا۔











