سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل  کا   وہاڑی اور میلسی کا دورہ، کپاس، مکئی اور دیگر فصلات کا معائنہ کیا

63

ملتان 22 اکتوبر (اے پی پی ): سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے وہاڑی اور میلسی کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں  نے   کپاس، مکئی اور دیگر فصلات کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ گلابی سنڈی کی آف سیزن مینجمنٹ کے سلسلہ میں کپاس کی آخری چنائی کے بعد چھڑیاں کاٹنے سے قبل ان کھلے ٹینڈوں کو بھیڑ بکریاں چراکر یا انہیں توڑ کر تلف کرنے بارے کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے تاکہ کپاس کی آئندہ فصل کو گلابی سنڈی کے حملہ سے بچایا جاسکے۔

 انہوں نے ہدایت کی کہ سفید مکھی کی آف سیزن مینجمنٹ کیلئے سبزیوں اور جڑی بوٹیوں پربائیو پیسٹی سائیڈز کے ساتھ ساتھ آئی جی آر (IGR) کے سپرے ٹرائلز میں شامل کریں۔

سیکرٹری زراعت نے کہا کہ گندم پاکستان کی اہم فصل ہے۔ گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور کنگی کیخلاف قوت مدافعت رکھنے والی منظور شدہ اقسام کے بیج کو مناسب پھپھوند کش زہرلگاکر کاشت کرنے بارے کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے۔ کاشتکاروں کو گندم کے کھیتوں کی وٹوں پر کینولہ یا سرسوں کی کاشت بارے بھی رہنمائی کی جائے تاکہ گندم کی فصل کو نقصان رساں کیڑوں کے حملہ سے بچایا جاسکے۔

 انہوں نے کہا کہ کاشتکار بہتر پیداوار کے حصول کیلئے یکم نومبر سے 30نومبر تک گندم کی کاشت مکمل کریں۔  انہوں نے ڈائریکٹر فارمز اینڈ ٹریننگ کو ہدایت کی کہ اڈاپٹیو ریسرچ فارمز پر گندم کی پٹڑیوں پر کاشت کے ٹرائلز کرکے ان کے نتائج محکمہ زراعت توسیع کے افسران کے ساتھ شیئر کیے جائیں۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کاشتکاروں کو گندم کا معیاری بیج فراہم کرے۔

 قبل ازیں سیکرٹری زراعت نے وہاڑی میں محکمہ زراعت توسیع، پیسٹ وارننگ، کراپ رپورٹنگ، واٹر مینجمنٹ، کاٹن ریسرچ اسٹیشن، پنجاب سیڈ کارپوریشن، سوائل فرٹیلیٹی، فارمز اینڈ ٹریننگ کے شعبہ جات کی کارکردگی کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل حل کرنا محکمہ زراعت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تمام شعبہ جات منظم ومربوط کوششوں کے ذریعے مقررہ اہداف حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیالوجیکل لیبارٹریوں میں مفید کیڑوں کی افزائش میں اضافہ کیا جائے۔ پانی و مٹی کے نمونہ جات کے کیمیائی تجزیہ کی رپورٹس کے مطابق کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے۔ جنوبی پنجاب میں دیگر پھلدار پودوں کی کاشت کے ساتھ ساتھ بہتر مینجمنٹ اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے ذریعے آڑو کی کاشت کو بھی فروغ دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران دیانت داری، لگن اور جانفشانی سے سرکاری امور کی انجام دہی کریں تاکہ بہتر رہنمائی کے نتیجہ میں فصلات کی فی ایکڑ پیداوار اور شرح منافع میں اضافہ سے کاشتکاروں کا معیار زندگی بلند ہو سکے۔

 بریفنگ کے دوران سیکرٹری زراعت کو بتایا گیا کہ ضلع وہاڑی کے کاشتکاروں کو اس سال گندم کے تصدیق شدہ بیج کے 5 ہزار 218 بیگ سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے ہدایت کی گندم کے بیج کی تقسیم کا عمل شفاف انداز میں بروقت مکمل کیا جائے۔ سیکرٹری زراعت نے کلین اینڈ گرین پاکستان شجرکاری مہم کے تحت زراعت توسیع کے لان میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر عاشق حسین، رانا محمد عارف، محمد شاہد، خالد محمود، ڈاکٹر رمضان، سہیل ارشاد، عبدالصمد سمیت دیگر افسران موجود تھے۔