طلباءوطالبات اپنی ساری توجہ تعلیم پر دے کر مستقبل کے چیلنجوں کیلئے خود کو  تیار کریں؛ شہر یار آفریدی

336

کوئٹہ،15اکتوبر( اے پی پی): کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ طلباء وطالبات اپنی ساری توجہ تعلیم کے حصول پر دیں اور مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار رہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز میں سائبان پاکستان کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے طلباءسے کہا کہ پاکستان نے مختلف آزمائشوں کا مقابلہ کیا ہے اور اس قسم کی آزمائشوں میں گھبرانا نہیں چاہیے ، ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہماری سوچ پر حملہ کیا ہے اور ہم پر ففتھ جنریشن وار مسلط کی گئی ہے۔

 شہر یار آفریدی نے کہا کہ بلوچستان کے  طلباء وطالبات کو ملک کے مختلف یونیورسٹیوں اور بیرون ملک یونیورسٹیوں میں حصول علم کے مواقع فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا۔انہوں نے  کہا  کہ  پاکستان نے ہر شعبہ میں اپنا لوہا منوایا ہے، ہم نے ہاکی کرکٹ کے میدان میں پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا ہے جبکہ موسیقی کے شعبہ میں ہمارے گلوکاروں کا اپنا ایک نام ہے۔

 چیئرمین کشمیر  کمیٹی  شہر یار آفریدی نے کہا کہ ہمیں آپس میں بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرناہوگااور پیام پاکستان امن کا پیغام ہے اور اس پیغام کو گھر گھر تک پہنچانا ہے اور اس پیغام کو پھیلانے کے لئے طلباء وطالبات اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہمارے ملک میں اندرونی خلفشار اور ہمیں آپس میں دست وگریبان کرنے کے درپے ہیں اور ہم سب کوخصوصاً طلباء وطالبات معاشرے میں امن ترقی اور تعلیم کے فروغ کے لئے پرجوش کردار ادا چاہئے۔