ملتان : متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے حوالے سے متحدہ میلاد مارچ کا انعقاد

80

ملتان ، 27 اکتوبر (اے پی پی ): متحدہ میلاد کونسل کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے حوالے سے متحدہ میلاد مارچ کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت مرکزی میلاد کونسل کے قائدین علامہ فاروق خان سعیدی،محمد ایوب مغل اورمتحدہ میلاد کونسل کے قائدین خواجہ شفیق اللہ البدری،مرزاارشدالقادری،راؤ عارف رضوی،رکن الدین ندیم حامدی،یاسرارشاد دیوان اوردیگر نے کی۔

متحدہ شرکاء نے آمد مصطفےٰ مرحبا مرحبا کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔متحدہ میلاد مارچ سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ ایک امتی کیلئے اپنے نبیﷺ کی ولادت سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں ہوسکتی،ہم اپنے آقا کا جشن ولادت مذہبی جوش و خروش اورمحبت رسول کے جذبے کے تحت دھوم دھام سے منائیں گے اوراس سال جشن عید میلاد میلادالنبیﷺ کے حوالے سے تمام جلوسوں کو شانِ اہلبیت وصحابہ سے منسوب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ولادت مصطفےٰ سے کائنات ایک عظیم انقلاب سے آشنا ہوئی۔ظلمت کے اندھیروں کا خاتمہ ہوا اورامن و محبت کا سورج طلوع ہوا۔ہمارے پیارے نبی ﷺکو اللہ پاک نے تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا۔آپ کی تشریف آوری سے غریبوں،یتیموں،مظلوموں اور بے آسرا طبقات نے سراٹھا کر جینا سیکھا۔آپ نے معاشرے کے تمام طبقات کیلئے حقوق و فرائض کا چارٹر پیش فرمایا۔آپ کی سیرت طیبہ کی روشنی سے سارا عالم منور ہے۔آپ نے انسانیت کو جینے کا ڈھنگ عطا فرمایا۔اللہ تعالیٰ نے آپ کی سیرت پاک کو تمام انسانوں کیلئے نمونہ کامل بنا کر بھیجا۔

متحدہ میلاد مارچ میں زمان خان اعوان،علامہ عمران سلطانی،پیر افضل فرید چشتی،قاری توفیق حامدی،پیر ذیشان سیفی،علامہ غلام جیلانی نقشبندی،مفتی عامر فیاض سعیدی،الحاج محمد علی انصاری،مختاراحمد راٹھور،علامہ عبدالرشید سعیدی،انجینئر فخر الاسلام بھٹہ،شفقت طلال تاشفین،علامہ سعید اختر،حافظ منظورالہی،محبوب علی قادری،ثمر حامدی،سجاد نقشبندی،کامران عالم نقشبندی،قاری عبدالروؤف سعیدی،مشتاق بھٹی،ملک امجد بھٹہ،مسعود خالد علوی،حمزہ البدری،غلام حسین فریدی،دانش مرزا،مصباح الدین اوردیگر نے شرکت کی۔

 میلاد مارچ میں کثیر تعداد میں علمائے کرام اورعاشقان رسول نے شرکت کی۔