موودی حکومت کشمیریوں پر ظلم وستم کرکے ان کے بنیادی حقوق پامال کر رہی ہے ؛ اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف

473

ریاض ، 31 اکتوبر(اے پی پی ): اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے کہا کہ موودی حکومت کشمیریوں پر ظلم وستم کرکے ان کے بنیادی حقوق پامال کر رہی ہے ، عالمی قوتوں کو چاہیے  کہ وہ فوری مقبوضہ کشمیر کی جانب تو توجہ دے اور بھارتی فوج کی جانب سے قتل و غارت کا سلسلہ بند کروائے۔

ان  خیالات  کا  اظہار انہوں نے  سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق اور خطے کے امن کے موضوع پر منعقدہ  سمینار سے خطاب میں  کیا ۔سیمینار  میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز سمیت دیگر سفارتی افسران کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے  کہا کہ کشمیری 73 سالوں سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں مگر بھارت کی تحریک آزادی کا سیاسی جواب دینے کی بجائے زور زبردستی اور طاقت کے بل بوتے پر دبا رہا ہے جس میں اسے ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

معروف سعودی اور پاکستانی اسکالرز  بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ محمد حسن کاملی، ڈاکٹر علی عسیری اور دیگر نے مسئلہ کشمیر پر شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سب سے اہم حل طلب مسئلہ ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ خطے کے امن کو یقینی بنانے کے لئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لئے کوششوں میں تیزی لائی جائے کیونکہ کشمیر ایشو کو لیکر پاک بھارت متعدد بار جنگ کے دہانے پر کھڑے ہوچکے ہیں اور اب بھی حالات تسلی بخش نہیں ہیں۔

 پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھارت ایک متنازعہ علاقہ ہے مگر بھارت نے گزشتہ سال پانچ اگست کو اسکی آئینی حیثیت کو ختم کرکے اسے اپنا حصہ بنانے کی ناکام کوشش کی ہے اور کشمیریوں کو  کرفیو اور لاک ڈاون لگا کر یرغمال بنایا ہوا ہے۔