شجاع آباد، 30 اکتوبر )اے پی پی ):میونسپل کمیٹی شجاع آباد کے زیراہتمام سیرت النبیؐ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں سیرت طیبہ کے مختلف پہلووں پرمولاناحسیب احمد اظہری،حافظ محمدطیب معاویہ اور دیگر مقررین نے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ انسانیت کی فلاح اور دورحاضر کی تمام مشکلات ومصائب کا حل رسول کریمؐ کی حیات طیبہ کی پیروی میں پوشیدہ ہے۔
مقررین نے سیرت طیبہ کی اعجازی، اخلاقی،معاشی،سماجی پہلوؤں پرتفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ رسول اکرمؐ نے زندگی کے ہرگوشے میں تمام جزئیات پر انسانیت کی رہنمائی کیلئے جامع ہدایات جاری کیں اور خود قرآن پاک کی عملی تفسیربن کر ہمارے لیے رشدوہدایت کاابدی ذریعہ بن گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر محمد زبیر نے کہاماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ اس مہینے میں نبی آخرالزماں کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی، جو انسان کامل، ہادی عالم اور وجہ تخلیق کائنات ہیں،ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل مہینہ ہے۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کے لئے بہترین نمونہ بن کر آئے، وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ اور اسکے رسول ؐنے جن چیزوں سے منع کیا ان سے رک جانا اور جنہیں اختیار کرنے کا حکم دیا ان پر عمل پیرا ہو جانے کا نام اخلاق حسنہ ہے۔ اچھی صحبتیں نیک اعمال کی طرف راغب کرتی ہیں اور بری صحبتیں برائی کی طرف مائل کرتی ہیں۔ امت محمدیہ اعلیٰ انسانی اخلاقی اقدار کی خوبیوں کی وجہ سے دیگر امتوں میں ممتاز مقام پر فائز ہے۔
کانفرنس کے آخر میں امن و امان ملکی سلامتئ کے لیے خصوصی دعا ہوئی۔ فرانس کی اسلام مخالف پالیسیوں کی شدیدمذمت کی گئی۔











