نوشہرہ ورکاں،یکم اکتوبر(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حکم پر پنجاب بھر کی طرح نوشہرہ ورکاں میں اسسٹنٹ کمشنر آفس میں بھی عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ ریونیو، محکمہ زراعت، لینڈ ریکارڈ، اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں راشد اقبال نے کھلی کچہری میں آئے سائلین کے مسائل سنے اور انکے فوری حل کے لیے احکامات بھی جاری کیے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں راشد اقبال کا کہنا تھا کہ انکے آفس میں آنے کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں اور جس سائل کا جو مسئلہ ہو گا فوری حل کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیلدار محمداکرم گوجر اور ڈی ڈی او زراعت کو ہدایت کی کہ سموگ کے بڑھتے عمل میں کھیتوں میں موجود دہان کی باقیات کے جلانے کی وجہ شامل ہے اور اس کو روکنے کے لیے آگاہی مہم کی صورت میں مساجد میں اعلانات اور پمفلٹ تقسیم کیے جائیں ۔











