ن لیگ کی طرف سے جو کہا جا رہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے: وفاقی  وزیر  شیخ رشید   

110

لاہور،31 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاست کو ریاست پر فوقیت دی جا رہی ہے، ن لیگ کی ریاست سے لڑائی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، ایاز صادق کے بیان پر بھارت میں شادیانے بجائے جا رہے ہیں، عقل کے اندھوں کو انداز نہیں سیاست خطرناک مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

ہفتہ  کو   یہاں     پریس  کانفرنس   سے  خطاب میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے  کہا کہ  حالات کافی ابتر ہوتے جا رہے ہیں، ریاست سے لڑائی درست نہیں ہے، ریاست سے لڑائی خطرناک ہوسکتی ہے، یکم نومبر سے لیکر 31 دسمبر اہم ہے، 31 دسمبر سے فروری تک سب کچھ صاف ہو جائے گا، خلفشار اور انتشار سے سیاسی جماعتیں پچھتائیں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے مزید10 نئی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل سے سیالکوٹ اور وزیر آباد کے درمیان شاہین ٹرین بھی شروع ہوجائے گی۔ 10 نومبر سے کوئٹہ چمن کے درمیان چمن ایکسپریس ٹرین بھی شروع ہوجائے گی جو روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 10 نومبر سے سکھر اور کوٹری کے درمیان موہنجواداڑو ایکسپریس کو بھی بحال کیا جارہا ہے۔ 30 نومبر سے راولپنڈی اور کوہاٹ کے درمیان چلنے والی کوہاٹ ایکسپریس کو بھی بحال کررہے ہیں، اسی طرح راولپنڈی لاہور کے درمیان سہ پہر4بجکر 30 منٹ پر چلنے والی ریل کار کو بھی بحال کیا جارہاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین اور نئی ٹرینیں جن کے ٹینڈر 12 نومبر سے کھل رہے ہیں جن میں راوی ایکسپریس، وارث شاہ ایکسپریس اور ماروی پسنجر کو بھی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پرائیویٹائز کرنے جارہے ہیں۔ اس طرح ہماری 15 سے 20 ٹرینیں پرائیویٹائز ہوجائیں گی۔