وزارت آئی ٹی   ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیزی سے کام کررہی ہے ؛وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام شعیب صدیقی

69

اسلام آباد،20اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ شعیب صدیقی نے کہا ہے  کہ وزارت آئی ٹی   ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر تیزی سے کام کررہی ہے اور جن علاقوں کے لوگ اب تک براڈ بینڈ سروسز سے محروم ہیں وہاں  جلد  سروسز فراہم کی  جائیں  گی ۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 74ویں اجلاس کی  صدارت    کرتے  ہوئے کیا ۔اجلاس میں  بتایا    گیا کہ یونیورسل سروس فنڈ  کے تحت سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل فون رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے ریکارڈ 5 ارب 11 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کیئے  جائیں گے۔ ٹیلی نار، زونگ، یوفون اور پی ٹی سی ایل   کو دیئے گئے منصوبوں  سے  چترال،، دیر بالا، دیر زیریں، گھوٹکی، سکھر، خیرپور، کشمور،  زیارت اور مستونگ کے 14 سو سے زائد دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں کے 56 لاکھ سے زائد افراد  کو ڈیجیٹل رابطوں کی سہولیات میسر ہوسکیں گی   ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کام اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی ہدایت کے تحت ان منصوبوں کا بنیادی مقصد نہ صرف سیاحت کا فروغ ہے بلکہ دورز دراز  کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے ان افراد کو ڈیجیٹل ورلڈ کے دائرے میں لانا ہے جو اب تک براڈ بینڈ سروس سے محروم یا نیٹ ورک کی کمزوری سے مشکلات کا شکار ہیں۔انھوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں میں صرف سندھ کیلئے 3 ارب سے زائد کے پراجیکٹس ہیں جو  وفاقی وزارت آئی ٹی کی جانب سے سندھ کے عوام کیلئے  ایک بڑی خوشخبری ہے۔

قبل ازیں  یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو منصوبوں کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔  انہوں نے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، سیکریٹری و چیئرمین شعیب احمد صدیقی اور بورڈ ارکان کا  یو ایس ایف پر بھرپور اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا امتیاز یہی ہے کہ منصوبوں کی تفویض میں خالصتا میرٹ اور شفافیت کے ساتھ ان کی بروقت تکمیل کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، ہماری  خواہش  ہے کہ ڈیجیٹل  پاکستان ویژن  کی تکمیل میں  یو ایس ایف کا کردار نمایاں ہو۔

 یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز  کے اجلاس کے شرکاء میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ،  این آئی ٹی بی کے سی ای او شباہت علی شاہ، ٹیلی نار کے سی ای او  عرفان وہاب، عمران اختر شاہ،  یوفون پی ٹی سی ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راشد خان،  کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال،  اور ممبر ٹیلی کام  عمر ملک  شامل تھے۔