وزیراعظم عمران خان  کا   وفاقی دارالحکومت میں ماڈل پناہ گاہوں کے قیام اور ان میں فراہم کی جانے والی معیاری سہولتوں پر اطمینان کا اظہار

110

 

اسلام آباد،5اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں ماڈل پناہ گاہوں کے قیام اور ان میں فراہم کی جانے والی معیاری سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے سہارا اور کمزور افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

پیر کو یہاں وفاقی دارالحکومت میں قائم پانچ پناہ گاہوں کی اپ گریڈیشن اور ملک کے دیگر حصوں میں بہترین سہولتوں سے آراستہ پناہ گاہوں کے مفصل نیٹ ورک کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے مزدروں، بے سہار افراد کی خدمت کو یقینی بنایا جائے جبکہ معیاری پناہ گاہوں کے قیام اور ان کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

 وزیراعظم  نے کہا کہ پاکستانی قوم میں خدمت خلق کا بے پناہ جذبہ موجود ہے اور حکومت کی جانب سے ایسی کاوشوں کا خیرمقدم کیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیرِاعظم کو وفاقی دارالحکومت میں قائم پانچ پناہ گاہوں کی اپ گریڈیشن اور ان میں قیام کرنے والے بے سہارا اور غریب مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کو فراہم کی جانے والی بہترین سہولیا ت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پناہ گاہوں میں قیام پذیر افراد کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر مرتب کیا جاتا ہے تاکہ ان اعداد و شمار کو جہاں سروس کی بہتری کے لئے بروئے کار لایا جا سکے ،وہاں یہ ڈیٹا اس کارِخیر میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دینے والے مخیر حضرات و دیگر ڈونرز کے ساتھ بھی شئیر کیا جا سکے۔

ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی نے ملک بھر میں پناہ گاہوں کے نیٹ ورک کو وسیع کرنے کے حوالہ سے روڈ میپ وزیرِاعظم کو پیش کیا ۔

 پناہ گاہوں کے نظام کو مستقل بنیادوں پر استوار کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے بیت المال کے قانون میں ترمیم کرنے کی بھی اصولی منظوری دی ہے۔وزیرِاعظم نے وفاقی دارالحکومت میں ماڈل پناہ گاہوں کے قیام اور ان میں فراہم کی جانے والی معیاری سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے سہارا اور کمزور افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں حکومت ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ پناہ گاہوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور پناہ گاہوں میں قیام کرنے والے مزدوروں، بے سہار افراد کی اس انداز میں خدمت کو یقینی بنایا جائے کہ جہاں ان کو رہنے اور کھانے پینے کی بہترین سہولیات میسر آئیں، وہاں ان کی عزت نفس کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

 وزیرِاعظم نے کہا کہ معیاری پناہ گاہوں کے قیام اور ان کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم میں خدمت خلق کا بے پناہ جذبہ موجود ہے اور حکومت کی جانب سے ایسی کاوشوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

اجلاس میں معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی سمیت  سیکرٹری تخفیف غربت و سماجی تحفظ محمد علی شہزادہ و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اے پی پی /ڈیسک /قرۃالعین