پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان  کا  2لاکھ گیندے کے پھولوں کی پنیریاں لگانے کا فیصلہ

118

 ملتان ، 31 اکتوبر(اے پی پی ): پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے 2لاکھ گیندے کے پھولوں کی پنیریاں لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔شاہ شمس پارک،قلعہ کہنہ قاسم باغ،عام خاص باغ اور زکریا پارک میں پھولوں کی سجاوٹ کی جائے گی،فلاور کارپٹ کی تیاری کے لیے سرگرمیوں کاآغاز کردیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان  ڈاکٹر ملک عابد محمود نے گیندے کے پھولوں کی تیاری کے لیے کی جانے والی سرگرمی کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسمی پھولوں کی تیاریوں کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔گل داودی،کلغہ،گیندہ اور دیگر موسمی پھولوں کی بھرپور سجاوٹ کریں گے۔جس کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں،پارکوں میں آنے والے شہریوں کو خوبصورت نظارہ ملے گا۔

ڈاکٹر ملک عابد محمود نے مزید کہا کہ گرین بیلٹس اور پارکوں میں کلغہ پھولوں کی سجاوٹ مکمل کر لی ہے،گل داودی کے لیے گملوں میں منتقل کرنے اور سٹکس لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے،گیندے کے پھولوں کی پنیریوں کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔پارکوں میں مالی بڑی محنت سے زمین کی تیاری میں مصروف ہیں۔پی ایچ اے کی نرسریوں میں گیندے اور دیگر پھولوں کی تیاری کے لیے مالی دن رات محنت کر رہے ہیں۔ہارٹیکلچر ٹیم کو ٹاسک کو مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔