پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں :چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی

291

اسلام آباد ،24 اکتوبر (اے پی پی ): چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت، پارلیمان اور عوام افغانستان کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان اور افغانستان کے مابین مستحکم تعلقات خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے افغان وولیسی جرگہ کے اسپیکر میر رحمن رحمانی کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے 17 رکنی افغان پارلیمانی وفد کے اعزاز میں  دیئے گئے ظہرانہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے  کہا کہ پاک افغان تعلقات مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی مماثلتوں پر مشتمل ہیں،پر امن اور خوشحال افغانستان پاکستان کے وسیع تر قومی مفاد میں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو اقتصادی و پارلیمانی روابط کے ذریعے مستحکم کرنے کے عزم پر زوردیتے ہوئے کہا کہ وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغان امن عمل کی حمائت کی ہے اور افغانستان کے ساتھ مضبوط اورموثر پارٹنرشپ کے خواہاں ہے۔

ظہرانہ میں افغان پارلیمانی وفد کے علاوہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ،سینیٹرز سجاد حسین طوری ، محمد جاوید عباسی سینیٹر لیفٹیننٹ ریٹائرڈعبدالقیوم ہلال امتیاز ملٹری ، سراج الحق ، دلاور خان ، مشاہد حسین سید، روبینہ خالداور تاج محمد آفریدی نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں افغان پارلیمانی وفد بھی شامل تھے ۔