کراچی، 27 اکتوبر(اے پی پی) : پنک ربن این جی او کی جانب سے بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم جاری ہے جس کے تحت مختلف قومی و نجی عمارتوں کو پنک برقی قمقموں سے سجایا ہے اس حوالے سے ایک اہم تقریب کا انعقاد اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں کیا گیا جہاں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر سید رضاباقر نے بٹن دبا کر اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں پنک لائٹس کو آن کیا۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر سال ہزاروں خواتین چھاتی کے کینسر کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، بروقت تشخیص سے کینسر کے 90 فیصد مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے تشویش طلب بات یہ ہے کہ فریش نوے ہزار کیسز میں سے چالیس ہزار خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں صرف آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اور ہر پانچویں عورت اس مرض کے نشانے پر ہے۔ انہوں نے پنک ربن کی ٹیم کو یقین دہانی کرائی کہ اسٹیٹ بینک اس کاز کو سپورٹ کرے گا۔ انہوں نے دیگر بینکس کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں آج اسٹیٹ بینک کے ساتھ اپنی عمارتوں کو پنک لائٹنگ سے سجایا ہے۔ آخر میں پنک ربن کے سی ای او عمر آفتاب نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا سے گذارش کی کہ اس مہم ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے عام طور پر اس موضوع پر بات کرنا بھی معیوب سمجھا جاتا ہے پر ہمیں مل کر ہمت کرنی ہو گی ۔











