پشاور، 16اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوریت پسند پارٹی ہے اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتی ہے۔
پی ڈی ایم جلسے پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جلسہ جلوس ہر کسی کا جمہوری حق ہے،اپوزیشن اپنا یہ شوق بھی پورا کرے، حکومت نے تحریری اجازت نامہ جاری کرکے جمہوریت پسندی کا ثبوت دیا ہے۔
کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کو کوئی این آر او نہیں دینے والے، انہی کے بنائے گئے قوانین پر ہی ان کا احتساب ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر فطری اتحاد کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دینگے، اپوزیشن پختونخوا اور پنجاب میں حکومتی کارکردگی دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ، پاکستان تحریک انصاف نے عوامی فلاح کی سیاست کو فروغ دیگر موروثی سیاست کا قلع قمع کردیا ہے۔
کامران بنگش نے کہا کہ سال 2023 کے انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی اور اگلی حکومت بھی ہماری ہی ہوگی۔











