کوئٹہ،20اکتوبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کو بہتر بنانے، پی ڈی ایم کے 25 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے لیے سیکیورٹی کی فراہمی اور آٹا، چینی سمیت اشیاءخورد نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی بالادستی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے قوانین پر عمل درآمد کیلئے تمام وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا،صوبے میں امن واما ن کی صورت حال کو بر قرار رکھنے کیلئے موجودہ حکومت موثر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔انہوں نے او جی ڈی سی ایل قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے عزائم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے25 اکتوبر کو ہونے والے جلسے کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں شرکت کےلئے آنے والے قومی رہنماؤں کی سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان خود اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ آٹے، چینی سمیت اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جائے گی اور حکومتی ذمہ داری اور اخلاقی فریضہ ہونے کی وجہ سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف کاروائی کی جائے گی۔
انہوں نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام دکانداروں کو پابند کیا جائے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ پرائس لسٹ اپنی دکان پر آویزاں کریں۔











