گندم اور اشیائے ضروریہ کی خریداری کو منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنایا جائے: وزیر اعظم عمران خان

284

لاہور، 20اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعظم نے کہا کہ گندم اور اشیا ئے ضروریہ کی خریداری کو منصوبہ بندی کے تحت یقینی بنایا جائے تاکہ کمی اور مہنگائی کی صورتحال پیدا نہ ہو، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور کاشت کاروں کو پیداوار بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کی جائیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں بنیادی اشیائےضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کی وجہ سے تکلیف مجھے سب سے زیادہ محسوس ہوتی ہے، ہمارے ملک کو خدا تعالیٰ نے ہر قسم کے وسائل سے نوازا ہے، ان وسائل کا فلاح عامہ کے لیے استعمال حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے تمام انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ عوام کو اشیا ضروریہ کی وافر مقدار میں فراہمی اور منظور شدہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں سہولت بازار قائم کیے جارہے ہیں جن میں کم قیمت پر اشیا فراہم کی جائیں گی۔ فورکاسٹنگ سیل اشیا کی طلب کو مسلسل مرتب کرتا ہے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی مانیٹرنگ سیکریٹریز اورضلعی انتظامیہ کرے گی جن کی معاونت ٹائیگر فورس بھی کرے گی۔چیف سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی کہ صوبہ میں گندم اور آٹے کی قلت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر سید فخر امام نے بتایا کہ پنجاب کی آبادی کو ملحوظ خاطر رکھ کر گندم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، درآمد شدہ گندم میں پنجاب کو اب تک 57,000 ٹن مل چکی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر شبلی فراز، مشیر شہزاد اکبر، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزداد، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، مشیر وزیراعلی ڈاکٹر سلمان شاہ، چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پولیس، صوبائی وزارتوں بشمول زراعت، صنعت، اطلاعات، خزانہ، بلدیات، خوراک کے سیکریٹری صاحبان، کین کمشنر، ڈائریکٹر فوڈ، کمشنر لاہور اور سینئیر افسران بھی شریک تھے ۔